نئی دہلی ،24؍مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے ہندوستانی کرکٹ کپتان وراٹ کوہلی کا ’فٹنس چیلنج‘ قبول کئے جانے کے بعد کانگریس صدر راہل گاندھی نے مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب پٹرول-ڈیزل کی قیمتیں کم کرنے کا ان کا ’چیلنج‘قبول کریں۔ راہل نے یہ بھی کہا کہ اگر وزیر اعظم ان کا یہ چیلنج قبول نہیں کرتے ہیں تو پھر کانگریس پورے ملک میں تحریک کرے گی۔انہوں نے ٹویٹ کر کہاکہ عزیز وزیر اعظم، اچھا لگا کہ آپ نے وراٹ کوہلی کو فٹنس چیلنج قبول کیا ہے۔یہاں ایک چیلنج میری طرف سے ہے۔ایندھن کی قیمتیں کم کرو یا پھر کانگریس آپ سے ایسا کرنے کے لئے ملک بھر تحریک کرے گی۔دراصل کوہلی نے ٹوئٹر پر وزیر کھیل وردھن راٹھور کی طرف سے شروع کی گئی مہم ’ہم فٹ تو انڈیا فٹ‘کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی، سابق کرکٹ کپتان مہندر سنگھ دھونی اور اپنی بیوی اداکارہ انوشکا شرما کو ٹیگ کیا تھا۔اس پر مودی نے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے آج ٹویٹ کیاکہ چیلنج قبول ہے وراٹ۔میں جلد ہی اپنا فٹنس چیلنج ویڈیو اپ لوڈ کروں گا۔